لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ”اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔ منصوبے کے تحت ایک لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری کئے گئے۔ گھروں کی تعمیر کیلئے 215 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد جاری کئے جا چکے ہیں جن کی مدد سے اب تک 1 لاکھ 5 ہزار 594 گھر مکمل ہوگئے اور ہزاروں خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہوگئے۔
اس وقت 28 ہزار 453 گھر زیر تعمیر ہیں اور تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں، 32 ہزار 48 مزید گھروں کی تعمیر جلد شروع کی جائیگی۔ ترجمان کے مطابق 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد قرضوں کی وصولی کی جا چکی ہے۔
اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے 12 لاکھ 11 ہزار 954 درخواستیں موصول ہوئیں، کم آمدنی والے خاندانوں کو بلاسود ہاوسنگ فنانس کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر، پاکستان کے سب سے بڑے کم لاگت ہاوسنگ فنانس پروگراموں میں شامل ہو چکا۔
ترجمان کے مطابق 91 ہزار 434 مرد حضرات نے اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر لی، 14 ہزار 7 خواتین نے اپنا گھر تعمیر کیا، 23 ٹرانس جینڈرز بھی اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے مستفید ہوئے۔ دیہی پنجاب میں 60 ہزار 139 گھر مکمل ہوئے، جس سے دیہی علاقوں میں ترقی کا نیا باب کھلا۔ شہری علاقوں میں 45 ہزار 325 گھر مکمل ہوئے جس کے باعث ہزاروں خاندانوں کو باعزت رہائش میسر آگئی۔
دیہی اور شہری پنجاب میں کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام صوبے کے ہر خطے تک اپنی رسائی بڑھا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا ”اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام، ایک اور تاریخی سنگ میل


















