پشاور، کوئٹہ (مشرق نیوز) سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیوں کے نتیجے میں 32 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کی ہیں۔
ان کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد آپریشنز اور علاقے کی کلیئرنس کی کارروائیاں کی گئیں، جن میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف دہشت گرد ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد مارے گئے۔
ادھر بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیےءگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں 32 دہشت گردوں کو ہلاک اور اسلحہ تباہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی موجودگی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عزم استحکام کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آپریشن، 32 دہشت گرد ہلاک


















