وانا ،دہشتگردی ناکام، بارودی گاڑی،موٹر سائیکل تباہ، خارجی ہلاک، 5 زخمی


راولپنڈی،ہنگو: (بیورورپورٹ،مشرق نیوز)وانا میں دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام ،سکیورٹی فورسز نے بارود سے بھری سے گاڑی،موٹر سائیکل تباہ کردی ، ایک خارجی ہلاک، 5 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی سے واناو گردونواح کی شہری آبادی کو بڑی ممکنہ تباہی سے بچا یا،جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا (غواخوا) میں بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے پہلے ہی تباہ کر دی، دھماکہ خیز مواد بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا، سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا،خودکش حملے کیلئے تیار گاڑی کی مسلسل 3دن نگرانی کی گئی اور آبادی سے دور جانے پر نشانہ بنایاگیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کامیاب کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی ، موٹر سائیکل تباہ ، ایک خارجی جہنم واصل ،5 زخمی ہوگئے۔

صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز نے کمال مہارت سے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا، خودکش حملے کا ناپاک منصوبہ وقت سے پہلے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے ہنگو میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ پسپا کردیا،ڈی پی او کے مطابق پولیس اہلکاروں نے فوری و بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 3گھنٹے تک دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ،حملہ آور مذموم عزائم میں ناکام رہے،شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایلیٹ فورس کا جوان زخمی ہوگیا،علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔