واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک بار پھر سخت بیان دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی وجہ سے صورتحال غیر متوقع ہوئی تو ایران پر پہلے سے زیادہ بڑے اور طاقتور حملے کئے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے تک امریکی بحری جہاز، طیارے اور فوجی اہلکار ایران کے اطراف موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حالات بگڑتے ہیں تو امریکہ دوبارہ کارروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گا، بلکہ اس بار حملے پہلے سے کہیں زیادہ شدید ہوں گے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ بات پہلے ہی طے ہو چکی ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انکا کہنا تھا کہ امریکی فوج مکمل طور پر تیار ہے اور اپنی آئندہ کامیابی کیلئے پرعزم ہے۔
واضح رہے ٹرمپ کے اس بیان نے خطے میں کشیدگی کو ایک بار پھر بڑھا دیا ہے جبکہ مبصرین کے مطابق اس طرح کے بیانات جاری امن کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں اور صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔
مذاکرات ناکام ہوئے تو پہلے سے تباہ کن حملے کرینگے: صدر ٹرمپ کی دھمکی


















