لندن میں سیاسی جماعت کے کارکنوں کی علامہ طاہر اشرفی کیساتھ بدتمیزی

پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کے ساتھ لندن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے گروہ کی جانب سے بدتمیزی کی گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی سے وابستہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مبینہ ارکان کے ایک گروپ نے لندن میں ایج ویئر روڈ پر چلتے ہوئے طاہر اشرفی کو اچانک گھیر لیا۔

اس گروپ نے تقریباً 10 منٹ تک پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین کا پیچھا کیا اور اس دوران تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ علامہ طاہر اشرفی نے اس حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میں اپنی فیملی کے ساتھ ایک دوست کی دعوت پر رات کے کھانے کیلئے ایج ویئر روڈ پر جا رہا تھا تو مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے اس عمل کو ’انتہائی قابلِ مذمت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں اس غنڈہ گردی سے گھبراوں گا نہیں۔ پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی موجودہ قیادت کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں نے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو بہتر بنایا ہے۔ طاہر اشرفی نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی تعریف کی اور انہیں پاکستان اور وسیع تر مسلم دنیا دونوں کیلئے ایک بااثر شخصیت قرار دیا اور کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے دونوں سول اور ملٹری قیادتوں کا دفاع کیا ہے۔