وزن گھٹانے والی ادویات مائیگرین اور دمے میں مفید

انقرہ (مشرق نیوز) ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وزن گھٹانے کیلئے استعمال کی جانے والی ادویات مائیگرین کے درد اور دمے کی علامات میں کمی لا سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق جو لوگ یہ ادویات استعمال کر رہے تھے، انہوں نے دمے کے اٹیک میں کمی اور انہیلر کی ضرورت پہلے کے مقابلے میں کم پڑنے سے متعلق بتایا۔

دوسری جانب ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ وزن کم کرنے کیلئے استعمال ہونے والی دوا ویگووی لینے والی خواتین میں مائیگرین کی دواوں کے نسخوں میں واضح کمی دیکھی گئی۔ ترکی میں منعقد ہوئی یورپین کانگریس آن آبیسٹی میں پیش کئے گئے ان نتائج نے اس حوالے سے بڑھتے ہوئے سائنسی ثبوت کو مزید مضبوط کیا کہ GLP-1RA ادویات صرف وزن گھٹانے ہی نہیں بلکہ کئی دیگر بیماریوں میں بھی فائدہ پہنچا سکتی ہیں۔

انگلینڈ میں یہ ادویات پہلے ہی دل کے دورے اور فالج کے خطرات کم کرنے کیلئے استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ نئی تحقیق نے ان کے ممکنہ طبی فوائد کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔