حکومت، افواج ، عوام تمام چیلنجز کیخلاف ”بنیان مرصوص “کی مانند یکجا ہیں: فیلڈ مارشل

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا معرکہ حق عوام، حکومت اور افواج پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدمقابل” بنیان مرصوص“کی مانند یکجا کھڑی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈر ز کانفرنس ہوئی جہاں مسلح افواج، قانون نافذ کرنےوالے اداروں، مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا،آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنےوالے اداروں، مادروطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورکہا شہدا کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد بنی رہیں گی،آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا،ملک بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمانڈرز اور فارمیشنزکے عزم، مستعدی ،کامیابی کو سراہا،کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیادہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، معاون انفراسٹرکچر کی تباہی ، پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شر انگیز کارروائی سے روکنے کےلئے موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائےگی،فورم نے آپریشن ”غضب للحق“ کے ذریعے دہشت گردوں، معاون انفرا سٹرکچرکی مسلسل تباہی کا جائزہ لیا اور کہا گیا افغان طالبان رجیم کی غیرمنطقی اورگمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگردہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جارہی ہیں، افغان طالبان رجیم کی دہشت گردی کو سپورٹ افغان عوام کے مفادات کے مکمل برعکس، افغان طالبان رجیم اب اپنے عوام کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہوچکا ،افغان طالبان رجیم مسلسل پروپیگنڈا کے تحت پاکستان پرافغانستان کے اندر شہریوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا الزام لگارہا ، گمراہ کن بیانیہ افغان طالبان رجیم کی منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہے، مہم کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خود کو مظلوم پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے،پاکستان واضح کرتا ہے دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں، دہشت گردوں کےخلاف ہیں، کارروائیاں دہشتگردوں کے ٹھکانوں ، معاون انفراسٹرکچرکےخلاف درست اہداف پر مبنی ہیں، ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیشرفت علاقائی استحکام پرگہرا اثر ڈال سکتی ہیں،،فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی، فورم نے مقبوضہ کشمیرکے عوام کی منصفانہ جدوجہد کےلئے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے”معرکہ حق“کا یاد گار سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارک باد پیش کی اور اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا معرکہ حق قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خودمختاری کی ہر قیمت پر تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے، قومی سطح پر معرکہ حق کی یاد منانا بھارتی متکبرانہ سیاسی سوچ کےلئے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہے،کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈروں کو ہدایت کی وہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مستعدی اور آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیشہ ورانہ مہارت کے تسلسل، مربوط ردعمل اور روایتی و غیر روایتی دونوں نوعیت کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے قبل از اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔