لاہور (مشرق نیوز) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے پہل گام فالس فلیگ پر ایک خصوصی بریفنگ میں چند سوالات اٹھائے تھے جن کے جواب بھارت سال گزرنے کے بعد بھی نہیں دے سکا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے 30 اپریل 2025 کو بریفنگ کے دوران پہل گام فالس فلیگ سے پردہ اٹھایا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم اس واقعہ کے حقائق پر جائیں گے، الزامات پر نہیں، اگر الزام یہ ہے کہ یہ واقعہ پاکستانی سرزمین سے نام نہاد دہشت گردوں نے کیا تو یہ مدنظر رکھا جائے کہ پہل گام کسی بھی پاکستانی قصبے سے 200 کلومیٹر سے زیادہ دور ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کوئی ایسا ہموار علاقہ نہیں جو سفر کیلئے آسان ہو اور نہ ہی یہاں ایسی سڑکیں ہیں جو ہر موسم میں کھلی رہ سکیں، جائے وقوعہ سے پولیس سٹیشن تک پہنچنے میں کم از کم آدھا گھنٹہ لگتا ہے، ایف آئی آر کے مطابق 10 منٹ میں پولیس کا پہنچنا اور واپس آ کر رپورٹ درج کرنا سوالیہ نشان ہے جس سے تیاری کا شبہ پیدا ہوتا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا تھا کہ بھارتی انٹیلی جنس کو واقعہ کی پیشگی اطلاع نہیں تھی، لیکن واقعہ کے فوراً بعد 10 منٹ میں یہ دعویٰ سامنے آ گیا کہ حملہ آور سرحد پار سے آئے تھے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ ایک بیانیہ بنایا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی مذہب کی بنیاد پر ہوئی اور مسلمانوں کو چھوڑ کر ہندووں کو نشانہ بنایا گیا، پہل گام کا واقعہ بھارتی انٹیلی جنس اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کی وجہ سے پیش آیا، واقعہ کے کچھ ہی دیر بعد یہ بھی کہا جانے لگا کہ دہشت گرد مسلمان تھے جنہوں نے سیاحوں کو قتل کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، نہ مسلمان، نہ عیسائی اور نہ ہندو دہشت گرد ہوتا ہے، یہ کہنا درست نہیں کہ صرف ہندووں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے میڈیا کے سامنے کہا کہ پہل گام فالس فلیگ پر صرف ہم نہیں بلکہ بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، واقعہ کے فوراً بعد بھارت کے مخصوص سوشل میڈیا ہینڈلز نے خبر بریک کرنا شروع کر دی، بھارتی ایجنسیوں سے منسلک ہینڈلز نے محض 5 منٹ میں ملبہ پاکستان پر ڈال دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ پہل گام فالس فلیگ کے بعد بغیر کسی ثبوت پاکستان پر پراکسیزکے ذریعے حملے کا الزام لگایا گیا ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں ٹھوس ثبوتوں کیساتھ حقائق سامنے رکھے اور بھارتی فالس فلیگ کے ڈرامے کو بے نقاب کیا۔
پہل گام فالس فلیگ،ایک سال بعد بھی بھارت نے سوالات کے جواب نہیں دئیے: آئی ایس پی آر


















