کچہ ایریا کیلئے 23ارب کا تاریخی ترقیاتی پیکیج، ترقی و خوشحالی ہرفرد کا حق ہے،مریم نواز

لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کچہ ایریا میں 23ارب کے تاریخی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا اعلان کردیا، 23ارب روپے سے کچہ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام، سکول، ہسپتال، سڑکیں اور برج بنیں گے، وزیراعلیٰ نے کچہ ایریا میں ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ شروع کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے 14 ہزار 500ایکڑ سرکاری اراضی کچہ کے لوگوں کو دینے کا حکم دیدیا۔

مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کچہ ایریا میں ڈویلپمنٹ، امن و امان اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا پہلی مرتبہ کچہ میں 5 ماہ میں کوئی واقعہ پیش نہیں آیا،تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت کی رٹ مضبوطی سے قائم ہوئی ، وزیراعلیٰ نے کچہ کےلئے ٹرانسپورٹ اور کلینک آن ویل بھیجنے کا بھی حکم دیا،موبائل وٹرنری ہسپتال اور لیب بھی مہیا کی جائےگی، کچہ کے علاقے میں پہلی مرتبہ جدید سولر انرجی سے چلنے والی ڈرون سرویلنس شروع کر دی گئی ، جدید ترین ڈرون 24 گھنٹے سے زائد فضاءمیں پرواز کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے، جدید ترین اے پی سی اور پولیس وین میں بھی سرویلنس کیمرے نصب ہوں گے، کچہ کے علاقوں میں تھانوں، چیک پوسٹوں میں بھی سیف سٹی مانیٹرنگ کی جائےگی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کچہ میں امن و امان کےلئے 7.1 ارب،سوشل انفراسٹرپر 13.9 ارب اور دیگر امور پر 1.7ارب خرچ کیے جائیں گے، کچہ ایریا میں6551 طالبات کو سکول میل ملک پیک، 300 طلبہ کو ہونہارسکالر شپ اور300 کو لیپ ٹاپ بھی ملیں گے، کچہ میں 108کلومیٹرطویل سولنگ اور روڈز کی 144 کلومیٹر طویل 27 سکیمیں مکمل کی جائیں گی، کچہ کے 65 سکولوں کی تعمیر و بحالی اور اپ گریڈیشن کےساتھ 16 نئے سکول اور2 گرلز کالج بھی بنائے جائیں گے، کچہ کے ایریا میں مثالی گاوں پراجیکٹ بھی شروع کرنے کی منظوری، سیوریج، ڈرینج اور سپورٹس پراجیکٹ بھی شروع کیے جائیں گے، کچہ میں 125 ملین روپے کی لاگت سے سکلز پراجیکٹ بھی شروع کیے جائیں گے،کچہ کے علاقے میں نادرارجسٹریشن بھی شروع کررہے ہیں، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈاور ب فارم بنائے جائیں گے۔

مریم نواز نے کچہ میں ڈیوٹی کرنے والے جوانوں اور افسروں کےلئے ہارڈ ایریا الاونس ، ناجائزاسلحہ کی واپسی کے پلان کی بھی منظوری دےدی، متعلقہ تھانے میں اسلحہ واپسی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی اور اسلحہ کی افادیت کے مطابق پیسے ملیں گے،اجلاس میں کچہ کی مرکزی سڑکوں کے کناروں پر لمبے پودوں والی فصلیں لگانے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہا ترقی اور خوشحالی پنجاب کے دوسروں لوگوں کی طرح کچہ کے ہرفرد کا حق ہے،کچہ کو ترقی دےکرمحفوظ، مثالی اور بہترین علاقہ بنائیں گے، اب کچہ ترقی کرے گا، کچہ کے لوگ خوشحال ہوں گے اور باعزت روزگار کمائیں گے،دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے چنیوٹ میں گھر کی چھت گرنے سے4 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افراد کو بہترین طبی علاج معالجہ کی ہدایت کی ہے۔