لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ملکی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ملکی ترقی میں مزدور کا کردار مرکزی ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت حقوق کے تحفظ کےلئے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ”راشن کارڈ“ متعارف کرایا جو محنت کش طبقے کو معاشی ریلیف دینے کی جانب بڑا سنگ میل ہے، حکومت نے نہ صرف وعدے کیے بلکہ عملی طور پر ہزاروں مزدوروں کو رہائشی فلیٹس کی چابیاں فراہم کر کے اپنی چھت کا مالک بنایا ، سلسلہ تھما نہیں بلکہ مزدوروں کو چھت کی فراہمی کا مشن تیزی سے جاری ہے، پنجاب حکومت کی پالیسیوں کا محور ”عام آدمی“ہے، لاہور سے رحیم یار خان اور وہاڑی سے اٹک تک، پنجاب کا کوئی بھی ضلع حکومت کے ریلیف پروگراموں سے محروم نہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز نے بلا تفریق ہر طبقے کو ریلیف فراہم کیا ہے اور حکومت کے زیادہ تر فلاحی پروگرام خاص طور پر غریب اور محنت کش طبقے کی زندگیوں میں آسانی لانے کےلئے ڈیزائن کیے گئے ، مزدور طبقہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ، ہر ترقیاتی منصوبے میں عام آدمی کے مفاد کو سب سے پہلے رکھا جاتا ہے، پنجاب حکومت محنت کشوں کی خوشحالی اور ان کے سماجی رتبے کی بلندی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
پنجاب حکومت کی پالیسیوں کا محور ”عام آدمی“ہے: عظمیٰ بخاری


















