ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بین الاضلاعی شاہرات پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کا نوٹس لے لیا۔ ان تمام شاہرات پر لین مارکنگ اور سائن بورڈ لگائے جائیں اور شامل ہونے والی تمام چھوٹی سڑکوں پر سپیڈ بریکرز بنائے جائیں۔ عوام کی جانوں کا تحفظ اور انہیں حادثات سے بچانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس میں کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔ کمشنر ساہیوال۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈویژن کی تمام بڑی سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز ساہیوال کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق، پاکپتن آصف رضا، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، اے ڈی سی جی ساہیوال نیاز احمد مغل اور اوکاڑہ احمد سلیم چشتی اور ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پیٹرول راجہ فخر بشیر نے بھی شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان تمام مقامات کی نشاندہی کریں جہاں ٹریفک حادثات کی شرح زیادہ ہے اور ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی سفارشات پر وہاں سپیڈ بریکرز، روڈ سائن اور لین مارکنگ کروائیں تاکہ ان حادثات سے بچا جا سکے۔ اجلاس میں ریجنل آفیسر راجہ فخر بشیر نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں پنجاب ہائی وے پولیس کی 29 چوکیاں قائم ہے جو 30 کلومیٹر کے علاقے میں مسلسل پٹرولنگ کر رہی ہیں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کلب کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی،کلب سیکرٹری شیخ عظمت سلیم، سابق سیکرٹری میاں انجم حبیب اور کلب ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے کلب میں فراہم کردہ تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا اور کیفے کی تزئین و آرائش سمیت دیگر امور پر اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں ٹینس ٹورنامنٹ کے انعقاد اور کلب کی مجموعی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ کلب میں جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کیفے کی رینوویشن، انڈور گیمز ایریا، کچن، ڈائننگ ایریا، فیملی ہال، لیڈیز و جینٹس واش رومز، لان کی بہتری، کھڑکیوں اور دیگر بیوٹیفکیشن کے کام جلد شروع کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلب کی خوبصورتی اور سہولیات میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے تاکہ ممبران اور ان کی فیملیز کو بہترین ماحول میسر آ سکے۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی و بیوٹیفکیشن کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ دوسری طرف ساہیوال میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ”پہلا کمشنر ساہیوال آل پاکستان ٹیپ بال اوپن کرکٹ ٹورنامنٹ“کا انعقاد کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا جس میں ساہیوال کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاندلیاں والا کی اے ڈیڈ ای کلب کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ کے موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر نثار الحق اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مہر عامر رشید بھی موجود تھے۔ میچ کے اختتام پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 3 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور ڈیڑھ لاکھ روپے کا انعامی چیک پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کے ایسے مقابلے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ شہریوں اور شائقینِ کرکٹ نے اس کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رہیگا۔
شاہراہوں پر لین مارکنگ، سائن بورڈز لگائے جائیں: کمشنر ساہیوال



















