بیواوں و یتیم بچوں کی مالی امداد،رحمت کارڈ پروگرام کا ڈیجیٹل افتتاح ، 5000 ملین مختص

لاہور:(نمائندہ خصوصی)”وزیراعلیٰ رحمت کارڈ“کے ذریعے پنجاب میں پہلی مرتبہ 50ہزاربیواوں ،یتیم بچوں کی مالی امدادکا باقاعدہ پروگرام مرتب، مریم نواز نے پاکستان کے پہلے رحمت کارڈ پروگرام کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا،صوبائی معاون خصوصی راشد اقبال نصرنے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران بتایاگیا”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“ کےلئے صوبائی زکوٰة فنڈ سے 5000 ملین روپے کی ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے،50,000 بیواو¿ں ،یتیم بچوں کو ایک لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے،شرعی طور پر زکوة کے مستحق مسلم بیوائیں ،یتیم بچے اہل ،سرکاری ملازم یا پنشنر اور صاحب نصاب رحمت کارڈ کے ذریعے امداد کے حقدار نہیں ہوں گے،رحمت کارڈ کے لئے ویب پورٹل (https//:rahmatcard.punjab.gov.pk) پر اپلائی کی سہولت،مزید معلومات کےلئے ہیلپ لائن 1077 پررابطہ کیا جاسکتا ہے، مستحقین کا انتخاب پنجاب سماجی و اقتصادی رجسٹری (PSER) ڈیٹا بیس کے ذریعے کیا جائے گا، پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) ڈیٹا بیس کے تحت ضلعی کوٹے کی بنیاد پر مستفید ہونے والوں کا حتمی انتخاب ہوگا۔

بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا پی ایس ای آر میں رجسٹریشن نہ ہونے کی صورت میں درخواست دہندہ کے ڈیٹا کی نادارا سے تصدیق کی جائے گی،ادائیگی جاز کیش والٹ اکاونٹ کے ذریعے ہوگی،مریم نوازکی ہدایت پر جاز والٹ اکاونٹ سروس چارجز حکومت ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کرتے ہوئے کہا شفافیت، منصفانہ اور میرٹ کو یقینی بنایاجائے،پروگرام کا مقصد مستحقین کے سماجی وقار ،معاشی خودمختاری کو یقینی بنانا ہے،رحمت کارڈ پراجیکٹ قائد نواز شریف کی رہنمائی میں شروع کیا گیا، سلسلہ آگے بڑھائیں گے،خواہش ہے پنجاب میں کوئی بیوہ ،یتیم بچہ خود کو بے سہارااور بے بس محسوس نہ کرے،روایتی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

دریں اثنا پنجاب حکومت نے 2027 پتنگ بازی کیلئے نئے قواعدو ضوابط کا اعلان کر تے ہوئے 30 دسمبر 2026تک عملدرآمد کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی،قواعد وضوابط وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جاری کیے گئے۔

مریم نوازنے کہا ہدایات پر عملدرآمد ہر شہری، عمارت مالک اور منتظم کےلئے لازمی ہوگا، پتنگ بازی صرف مضبوط ،محفوظ چھتوں پر کی جا سکے گی،ہر چھت کی چار دیواری کی اونچائی کم از کم ساڑھے 3 فٹ ہونا لازمی ہے،والدین ،سرپرست بچوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں،بچوں کو بڑوں کی نگرانی کے بغیر چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی،بچوں کی حفاظت ترجیح ہے،چھتوں پر بھاگنا، کودنا، کناروں سے لٹکنا ،جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے پر مکمل پابندی ،چھتوں پر گنجائش سے زیادہ افراد جمع کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی، اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور پیدا کرنے والے آلات کا استعمال ممنوع ہوگا،ہمسایوں کےلئے پریشانی کا باعث بننے والی ہر حرکت قانوناً جرم تصور ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں، حادثے یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالکان، ایونٹ کے منتظمین کو ذاتی و مشترکہ طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا،قواعدو ضوابط کا مقصد پتنگ بازی کو محفوظ بنانا اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پتنگ بازی کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دینگے، حکومت محفوظ بسنت منانے میں آپ کےساتھ ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزدوروں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں ورکرز، کان کنوں اور محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کیا ،صنعتی خدمات کو سراہا،خاندان کا معاشی سہارا بننے والی محنت کش خواتین کی جدوجہد کوخصوصی خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز نے محنت کشوں کیلئے مناسب اجرت، محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات، بچوں کیلئے معیاری تعلیم یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہاپنجاب حکومت مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے اورخوشحالی کےلئے پرعزم ،14لاکھ سے زائد محنت کشوں ،ورکروں کےلئے راشن کارڈ، 3ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جارہی ہے،سوشل سکیورٹی ہسپتا لوں ،ڈسپنسریز میں لاکھوں محنت کشوں کو روزانہ علاج معالجے کی مفت سہولت ،مزدوروں کو بنے بنائے فلیٹ دے کر گھر کا مالک بنارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا مزدوروں کو 750 فلیٹ دے دیئے، محنت کش بھائیوں کو مزید1872 فلیٹ دیں گے، قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 700 ورکرز کےلئے بیچلر ہاسٹل ، محنت کشوں کیلئے مریم نوازویجی لنس سنٹر اورٹیلی کلینکس بھی قائم کررہے ہیں،نوازشریف سوشل سکیورٹی ٹیچنگ ہسپتال میں آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ مینجمنٹ سنٹر کاجلد آغاز ہوگا،محنت کش بھائیوں کیلئے میرج گرانٹ 4سے6لاکھ اورڈیتھ گرانٹ 8سے10لاکھ روپے کردی،لاہور میں پہلی مرتبہ محنت کشوں کیلئے گوشہ مزدور قائم کیا گیا، کھلے آسمان تلے رزق کی تلاش کیلئے آئے مزدور آسانی سے بیٹھ سکتے ہیں۔

مزید برآں وزیر اعلیٰ مریم نوازنے پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کوششیں ناکام بنانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیا۔