وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان استحکام کی علامت بن کر ابھرا ،صدر

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)صدرآصف زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم ، مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمت عملی،جراتمندانہ فیصلوں کا معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی کردار،ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو،پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتا ہوں،ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری و دفاعی صلاحیتیں قومی سلامتی کیلئے قابل فخر ہیں۔

آصف زرداری نے کہاپاکستان ذمہ دار اور امن پسند ریاست ، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا، غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے کہا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، ایران امریکہ تنازع کے پرامن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا، قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے ،وطن عزیز کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش آبی دہشت گردی ، پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے، افغانستان اپنی سرزمین پاکستان ،خطے کے دیگر ممالک کےخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔