لاہور: (خبر نگار)الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت نے 15دسمبرسے 15جنوری کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے پر اتفاق کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب حکومت کی طرف سے 4 رکنی کابینہ کمیٹی صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی سربراہی میں شریک ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاآئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت بلدیاتی انتخابات آئینی تقاضہ ،الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4)کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی معیاد ختم ہونے کے 120دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے ۔
الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا پنجا ب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ، الیکشنز ایکٹ 2017ءکی دفعہ (3)219اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کےلئے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بریف کیا وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کےلئے پرعزم ،کمیٹی کو مشاورت کا مکمل اختیار دےدیا،صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کاعمل شروع کرنا ،ریسورسز کی مناسب فراہمی کےلئے بھی وقت درکار ،بلدیاتی انتخابات 15دسمبر سے 15جنوری 2027 کو کرانا زیادہ مناسب ،بچوں کے امتحانات ہوچکے ہوں گے اور دھند (فوگ)کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے کہا صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے تو جلد اپنا پلان مشاورت کےلئے پیش کرے، چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہا اور کہا آئینی ذمہ داری کو مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
پنجاب ،15دسمبر سے 15جنوری کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے پر اتفاق


















