ایم ڈی کیٹ امتحان میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے 16 اگست 2026 کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے سلسلے میں قائم امتحانی مرکز ڈی پی ایس گرلز کیمپس کا دورہ کیا اور امتحان کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے امتحانی ہالز، سیکیورٹی، صفائی، پینے کے صاف پانی، بجلی، طبی سہولیات، پارکنگ اور امیدواروں کیلئے فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ساہیوال میں ایم ڈی کیٹ 2026 کیلئے دو امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ خواتین امیدواروں کیلئے ڈی پی ایس گرلز کیمپس جبکہ مرد امیدواروں کیلئے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار بوائز میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ 16 اگست 2026 کو منعقد ہونے والے امتحان کے شفاف، منظم اور پرامن انعقاد کیلئے دونوں مراکز پر تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی نے امتحانی انتظامات، سکیورٹی پلان، امیدواروں کی سہولت اور مختلف اداروں کے باہمی رابطہ کار کے حوالے سے کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ امتحان کے انعقاد کے دوران شفافیت، میرٹ، نظم و ضبط اور امیدواروں کی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور موثر رابطے کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ ایم ڈی کیٹ امتحان کامیابی، شفافیت اور پرامن ماحول میں مکمل ہو۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت اوکاڑہ کیڈٹ کالج کی 41ویں ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کالج کے انتظامی، مالی، تعلیمی اور ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل اوکاڑہ کیڈٹ کالج پروفیسر عامر ر¶ف، ادریس شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ پرنسپل اوکاڑہ کیڈٹ کالج پروفیسر عامر ر¶ف نے کالج کے انتظامی امور، تعلیمی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں مالی سال 2026 کے بجٹ کی مالی معاملات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کالج میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، عمارتوں کی مرمت و دیکھ بھال، ادارے کو مرحلہ وار سولر انرجی سسٹم پر منتقل کرنے کے منصوبے، تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور او لیول کی کلاسوں کے آغاز سے متعلق اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ اوکاڑہ کیڈٹ کالج میں اعلیٰ معیار کی تعلیم، جدید سہولیات اور بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور وقت کے مطابق مکمل کیا جائے، جبکہ سولرائزیشن منصوبے کو جلد از جلد عملی شکل دے کر ادارے کے وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”آسان رسائی۔ مسائل کم“ کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر، مقررہ وقت میں اور میرٹ کے مطابق حل کیا جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر سہولیات اور فوری ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔