لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ

لاہور (مرزا ندیم بیگ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے لاہور پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور سٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز کئے گئے جن کے نتیجے میں متعدد خطرناک ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز، ناکہ بندیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق جرائم کی روک تھام کیلئے حساس علاقوں میں گشت بڑھایا گیا جبکہ ڈولفن اسکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور تھانوں کی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے مقابلے میں لاہور میں سنگین جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی جرائم میں خاطر خواہ کمی آئی جبکہ ڈکیتی، راہزنی، موٹرسائیکل چوری اور گاڑی چھیننے کے واقعات میں بھی کمی دیکھی گئی۔ پولیس حکام اس کامیابی کا سہرا جدید نگرانی نظام، کرائم میپنگ، ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی اور موثر پولیسنگ کو دیتے ہیں۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف خصوصی مہم بھی چلائی گئی جس کے دوران درجنوں خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے متعدد کامیاب کارروائیاں انجام دیں۔منشیات فروشوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیوں کے دوران چرس، ہیروئن، آئس اور شراب کی بڑی مقدار برآمد کی گئی جبکہ متعدد ملزمان گرفتار ہوئے۔ اسی طرح ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کرکے اسلحہ قبضہ میں لیا گیا۔لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق شہریوں کے تحفظ کیلئے سمارٹ پولیسنگ، سرویلنس کیمروں، سیف سٹی پراجیکٹ اور جدید ڈیجیٹل نظام سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جس کے باعث جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جرائم کے خلاف مستقل اور مو¿ثر حکمت عملی برقرار رکھی گئی تو لاہور میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو سکتی ہے۔ شہری حلقوں نے بھی جرائم کی روک تھام کیلئے لاہور پولیس کی حالیہ کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ سٹریٹ کرائم اور سائبر فراڈ کے خاتمے کیلئے مزید مو¿ثر اقدامات کیے جائیں۔