کراچی (مشرق نیوز) پاکستان سپر لیگ کے 34ویں میچ میں راولپنڈیز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ ہوا بھی ہے اور ایک سائیڈ کی باونڈری چھوٹی ہے اسلئے پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں تین سے چار تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ شاداب سے محبت ہے لیکن آج انہیں ہرانے کے بعد اگلے میچ میں ان کیلئے دعا کریں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہر میچ کی طرح یہ بھی اہم میچ ہے، کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ابھی تک ہدف کا تعاقب آسانی سے ہوا ہے اس لئے ہم بھی پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ دیکھنے میں پچ اچھی لگ رہی ہے۔ میرے خیال میں آج ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل میں نئی شامل ہونے والی راولپنڈیز کی ٹیم اب تک ایک بھی فتح حاصل نہیں کرسکی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 پوائنٹس کیساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔
پی ایس ایل: راولپنڈیز کا اسلام آباد کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ


















