امریکی صدر نے پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر پروجیکٹ فریڈم روکدیا

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں جاری پروجیکٹ فریڈم کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کرتے ہوئے دنیا بھر کو حیران کر دیا ہے جسے ایران کے ساتھ ممکنہ تاریخی معاہدے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک کی درخواست اور ایران کے خلاف حالیہ فوجی کارروائیوں میں کامیابی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایران کے نمائندوں کے ساتھ ایک مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگرچہ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی بدستور برقرار رہے گی، تاہم جہازوں کی محفوظ آمد و رفت سے متعلق “پروجیکٹ فریڈم” کو وقتی طور پر معطل کیا جا رہا ہے تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیا معاہدہ حتمی شکل اختیار کر پاتا ہے یا نہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق یہ اقدام خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک بڑی کوشش ہو سکتی ہے، جبکہ عالمی منڈیوں، خصوصاً تیل کی ترسیل پر اس کے اثرات گہرے ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔

ادھر سفارتی حلقے اس پیشرفت کو ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ ڈیڈلاک کے خاتمے کی علامت قرار دے رہے ہیں تاہم صورتحال تاحال غیر یقینی ہے اور آئندہ چند دن انتہائی اہم سمجھے جا رہے ہیں۔