لاہور:(اپنے رپورٹر سے )قائد ن لیگ نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں امیدواروں کےلئے خود جا کر ووٹ مانگنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے وفاق ،پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوگی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیرکے انتخابات پرن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا ،وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق قائد ن لیگ نے شہباز شریف کو بطور وزیراعظم اور مریم نواز کو بطور وزیراعلیٰ قانون کے مطابق کشمیر میں الیکشن مہم میں شرکت کی ہدایت کردی، شہباز شریف اور مریم نواز کے آزاد کشمیر میں 2 سے 3جلسے متوقع ہیں۔
اجلاس میں نوازشریف نے آزادجموں وکشمیر کے45 انتخابی حلقوں سے 206سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے ،مشاورت کے بعد 2سے 3 روز میں حتمی امیدواروں کا فیصلہ کیاجائےگا۔
نوازشریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا میں خود کشمیری ہوں اور کشمیریوں سے محبت خون میں شامل ہے، آزاد کشمیر کے الیکشن میں خود آکر اپنے امیدواروں کےلئے ووٹ مانگوں گا،وفاق ،پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوگی،تحریک آزادی کو5سال میں پہنچنے والا نقصان بحال کرنے میں عرصہ لگے گا۔
وفاق،پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوگی، نواز شریف



















