وزیراعلیٰ پنجاب سے خوشاب کے ایم پی ایز کی ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خوشاب کے ارکان صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقے کو درپیش عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو خوشاب میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر مریم نواز شریف نے ان مسائل کے فوری اور موثر حل کی یقین دہانی کرائی۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے عوام کو 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب سمیت پورے ملک اور آزاد جموں و کشمیر کی مقبول ترین عوامی جماعت ہے، پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ملک کو آگے لیکر جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج تمام صوبوں سے یہ آواز آتی ہے کہ پنجاب امن و امان سمیت ہر شعبے میں سب سے بہتر ہے۔