اسلام آباد (مشرق نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کے موقع پر ریڈ زون میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں واقع متعدد وزارتوں اور اداروں کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم کابینہ ڈویڑن، ایف بی آر، وزارت خزانہ، وزارت تجارت اور وزارت خارجہ کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ، انسداد منشیات، قانون و انصاف، وزارت پارلیمانی امور، وزارت صنعت و پیداوار اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے دفاتر بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔ اسکے علاوہ قومی اسمبلی، سینیٹ، وزیراعظم سیکرٹریٹ اور ریونیو ڈویژن کے دفاتر بھی حسب معمول کھلے رہیں گے۔
حکومتی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریڈ زون میں واقع خودمختار اداروں اور منسلک محکموں میں تعطیل ہوگی، جبکہ گھر سے کام کرنے والے اداروں کے افسران اور سیکرٹریز کا عملہ اپنے سٹیشنز پر موجود رہے گا، تمام ملازمین کو مختصر اطلاع پر دفتر پہنچنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب ریڈ زون میں راستوں کی بندش کے باعث وفاقی آئینی عدالت کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے، رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سکیورٹی صورت حال کے باعث عدالتی کارروائی متاثر ہونے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا، سائلین اور وکلا کو درپیش مشکلات اور ریڈ زون میں ٹریفک بندش کے باعث عدالت تک رسائی مشکل ہونے کے سبب کاز لسٹ منسوخ کی گئی ہے۔ رجسٹرار آفس کے مطابق انتظامی وجوہ کی بنیاد پر آئندہ تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔
سڑکوں کی بندش کے باعث الیکشن کمیشن نے آج ہونے والی سماعتیں ملتوی کر دی ہیں جبکہ متعدد کیسوں کو ڈی لسٹ کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سینیٹ کے ضمنی انتخابات کی معطلی سے متعلق درخواست پر بھی آج سماعت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد، ریڈ زون میں سکیورٹی ہائی الرٹ، شہریوں کو ورک فراہم ہوم کی ہدایت



















