اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ہرجانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کو عمران خان کےخلاف کارروائی سے روکتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے جواب طلب کر لیا،کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائےگا۔
جسٹس عائشہ ملک نے کہا دوسری طرف سے کوئی نہیں آیا، مقدمے میں میرا اختلافی نوٹ ہے، 2جج صاحبان نے حق دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا۔
وکیل علی ظفر نے کہا بانی پی ٹی آئی کی ٹانگ میں گولی لگی تھی، زخمی ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکے، ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا عدم پیروی پر حق دفاع ختم کیا اب مقدمے میں گواہوں کے بیان ریکارڈ ہو رہے ہےں،جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کتنے ارب ہرجانے کا دعویٰ ہے ؟ علی ظفر نے کہا10ارب کا دعویٰ کیا گیا۔
جسٹس عائشہ ملک نے کہا ٹرائل کورٹ نے حق دفاع ختم کرنے سے پہلے 2 تاریخوں پر بانی کا زخمی ہونا تسلیم کیا، زخمی ہونا تسلیم کرنے کے بعد حق دفاع کیسے ختم کیا جا سکتا ہے ؟ا ہم مقدمے میں دوسرے فریق کو نوٹس کررہے ہیں۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی،عدالت نے ملزموں کےخلاف 5مارچ تک مکمل چالان جمع کرانے کا حکم دیا،کیس پر سماعت بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں ہوئی،پی ٹی آئی کے سی ایف او سراج احمد اور نجی بینک کے ملازم فیصل قاضی بھی شامل تفتیش ہوگئے۔
ایف آئی اے نے کہا2نئے ملزموں کے بعد چالان دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ، ضمنی کی بجائے مکمل چالان ہی جمع کرائیں گے،جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا آپ کو اب دوبارہ چالان مکمل کرانے کےلئے کتنی مہلت چاہیے؟ ،سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا10سے 15دن کا وقت دےں، مکمل چالان جمع کرا دیں گے۔
عدالت نے 5مارچ تک بانی پی ٹی آئی ودیگر کیخلاف مکمل چالان جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ملزموں سراج احمد ،فیصل قاضی کی عبوری ضمانت 5مارچ تک منظور کرلی۔
ہرجانہ کیس،سپریم کورٹ نے عمران خان کےخلاف کارروائی سے روکدیا



















