پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمن


لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کے چولہے ٹھنڈے کر دیے، بچوں کی تعلیم مشکل بنا دی اور خواتین کو غیرمحفوظ معاشرے کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، اب حکومت کو اپنی ڈھٹائی ختم کرنا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا، مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر ہڑتال، شٹر ڈاون اور لانگ مارچ سمیت احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ ہاوس کے باہر مال روڈ پر جماعت اسلامی کے دھرنے کے ساتویں روز خواتین کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک بھر میں بیک وقت تین دھرنے جاری ہیں اور یہ احتجاج محض پٹرول کی قیمتوں کے خلاف نہیں بلکہ مہنگائی، آئی پی پیز اور پٹرولیم لیوی کے خلاف عوام کی جنگ ہے۔ پٹرول مہنگا ہوتا ہے تو اس کے اثرات زندگی کے ہر شعبے تک پہنچتے ہیں، اس لیے اصل مسئلہ ہر گھر کے چولہے کا ہے۔دھرنا سے قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ثمینہ سعید ، ڈپٹی سیکرٹری سمیحہ راحیل قاضی ، ناظمہ وسطی پنجاب نازیہ توحید ، ناظمہ شمالی پنجاب ثمینہ احسان اور ناظمہ حلقہ لاہور عظمی عمران نے بھی خطاب کیا۔