اسلام آباد ( بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی پر حق ناقابلِ تنسیخ ہے اور یہ ملک کی بقا کی شہ رگ ہے جس کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کی ناکام کوشش نہ تو قانونی حیثیت رکھتی ہے اور نہ ہی اخلاقی جواز رکھتی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس اقدام سے بھارت کو عالمی سطح پر شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا، بھارت کا یہ طرزِ عمل اقوام متحدہ کے توثیق شدہ ”One Water, One Vision“ اصول کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے جو آبی وسائل کے منصفانہ اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن سفارتی اور قانونی اقدام جاری رکھے گا۔
سندھ طاس معاہدہ ملکی بقا کی شہر رگ، ہر قیمت پر تحفظ کرینگے، عطاءتارڑ


















