بنوں،خیبر،کراچی،لکی مروت: (مشرق نیوز)بنوں،خیبر میں دھماکے،خاتون، بچے سمیت3افراد جاں بحق،متعدد زخمی،کراچی،لکی مروت بڑی تباہی سے بچ گئے،فتنہ الہندوستان کے 3دہشتگرد گرفتار،2نصب شدہ بم برآمد کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے بارود سے بھرا زرنج رکشہ تھانہ میریان کے مین گیٹ سے ٹکرایا ،موٹر سائیکل میں بھی آئی ای ڈی نصب کیا گیا،تھانے کے باہر دکانیں موجود ہونے کے باعث شہری نشانہ بنے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے کہا آئی ای ڈی دھماکے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے تاہم بچے سمیت 2افراد جان کی بازی ہار گئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا ،ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائےگا۔
ادھر خیبر کے علاقے باڑہ میں بارودی سرنگ دھماکے میں راہ گیر خاتون جاں بحق ہوگئی،دہشتگردوں کانشانہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے مگر منصوبہ ناکام رہا۔
دوسری جانب کراچی میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے دہشتگردی کابڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، رینجرز ، سی ٹی ڈی نے چکراگوٹھ کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرکے فتنہ الہندوستان کے 3 انتہائی مطلوب سہولت کاروں کوگرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزموں کی شناخت یاسر عرفات، خدا بخش اور زاہد عرف بارکزئی کے نام سے ہوئی قبضے سے 5کلو بارودی مواد، 10میٹر پرائما کارڈ، 3ڈیٹونیٹر ، کلو بال بیرنگ ،انتہاپسندی پر مبنی لٹریچر کے250بکس اور لیپ ٹاپ تحویل میں برآمد کرلیا۔
مزید برآں لکی مروت میں پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے نصب 2 دیسی ساختہ آئی ای ڈیز برآمد کرلیں، بم ڈسپوزل سکواڈ نے 20 کلوسے زائد بارودی مواد ناکارہ بنا دیا،بروقت حکمت عملی سے معصوم جانیں محفوظ بنانے پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
بنوں،خیبر میں دھماکے،خاتون، بچے سمیت3افراد جاں بحق،متعدد زخمی



















