یورپی یونین کےساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کےلئے پرعزم ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان یورپی یونین کےساتھ تجارتی تعلقات بالخصوص جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے فروغ کےلئے پرعزم ہے،یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے وزیراعظم سے ملاقات کی، شہباز شریف نے چند ماہ قبل ذمہ داریاں سنبھالنے والے یورپی یونین کے سفیر کا خیرمقدم کیا،وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصا تجارت، سرمایہ کاری، ترقی و سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس سکیم کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا حکومت پاکستان یورپی یونین کےساتھ بالخصوص جی ایس پی پلس کے ذریعے باہمی مفاد پر مبنی تجارتی فروغ کے اقدامات پر قریبی تعاون کےلئے پرعزم ہے،وزیراعظم نے گزشتہ برس نومبر میں برسلز میں منعقد ہونےوالے پاکستان،یورپی یونین سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور پر بھی اطمینان کا اظہار کیا،یورپی یونین کے سفیر نے کہا وہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کےلئے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔