لاہور،اسلام آباد:(کامرس رپورٹر،بیورورپورٹ)وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہاہے آلودگی پر قابو پانا اصل چیلنج ہے ، آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں، جلد خوشخبری ملے گی۔
تقریب سے خطاب،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہاپاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، لاہور میں دھند سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں،موسمیاتی تبدیلی ، آبادی ملک کیلئے بڑے خطرات ہیں ، موسم سرما میں کم بارشیں ہونا بڑے خطرے کی طرف اشارہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کےلئے فنڈ کا نظام لائیں گے،2ہفتوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کیلئے فنانسنگ پرآئی ایم ایف سے مثبت بات چیت ہوئی، سیلابی نقصانات کے بحالی منصوبوں کیلئے 10 ارب ڈالر کی امداد کا وعدہ ہوا، قابل عمل منصوبے تیار اور امداد استعمال نہیں کر سکے، کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے قابل عمل منصوبوں کو سامنے لانا ہو گا، وزارت خزانہ موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا آلودگی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، قابو پانا اصل چیلنج ہے، پاکستان کا واٹر سائیکل متاثر ہوا ،زیادہ وقت نہیں، ٹائم فریم کو کم کرنا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو حل نہ کیا تو معیشت کو نقصان ہوگا،ورلڈ بینک کےساتھ کنٹری پارٹنر شپ پر اچھی پیش رفت ہوئی ، فنانسنگ کےساتھ استعداد کار کو بہتر بنانا ہوگا ، کلائمیٹ کےلئے مفید منصوبے لانا ہوں گے،سینیٹر اورنگزیب نے کہاآئی ایم ایف کےساتھ مذاکرات کا سلسلہ چل رہا ہے،بات چیت کی کامیابی میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ، مذاکرات تکمیل کے مراحل میں ہیں، جلد پایہ تکمیل تک پہنچیں گے، پاکستان آئی ایم ایف کےساتھ معاشی نظم و ضبط کے اہداف حاصل کر رہا ہے، جلد خوشخبری ملے گی۔
دریں اثنا وزیر خزانہ اورنگزیب سے قائم مقام امریکی سفیر نٹالی بیکر نے ملاقات کی ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سینیٹر اورنگزیب نے حکومت کے وسیع تر معاشی اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہامعیشت کی بہتری اور پائیدار و جامع ترقی یقینی بنانے کےلئے اہم اقدامات اٹھارہے ہیں،نجکاری، ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے کی بحالی اور وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
قائم مقام امریکی سفیر نے کہاامریکہ پاکستان کےساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کےلئے پرعزم ہے ،خاص طور پر اقتصادی تعاون کو گہرا کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے پر توجہ دی جائے گی،ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ معاشی اہداف کو آگے بڑھانے کےلئے نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
IMF سے مذاکرات کی کامیابی میں کوئی رکاوٹ نہیں، جلد خوشخبری ملے گی، وزیر خزانہ



















