پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل، ٹرانزیکشن پردستخط ، تقریب میں وزیر اعظم،فیلڈمارشل کی بھی شرکت

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں حکومت اور عارف حبیب کنسوریشم کے درمیان ٹرانزیکشن سے متعلق دستخط ہوگئے، تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے جس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، عارف حبیب کنسورشیم کا ملکی صنعتی ترقی میں اہم کردار ، یقین ہے آرام دہ سفر، تحفظ اور وقار قومی ائیرلائن کی اہم ترجیح ہوگی، پی آئی اے کا ہوابازی کے شعبے میں اہم مقام تھا، پرامید ہیں قومی ائیرلائن کی عظمت رفتہ رفتہ بحال ہوگی، نجکاری کا عمل شفاف انداز میں بخوبی انجام کو پہنچا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومتی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا،نجکاری کے عمل میں بھرپور شرکت پر کنسورشیم کا کردار لائق تحسین ہے جبکہ مشیر نجکاری نے پرائیویٹائزیشن کے عمل میں بہت اہم کردار ادا کیا، تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے انتہائی شفاف انداز میں نجکاری مکمل ہوئی،شہباز شریف نے کہا بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی سے قومی ایئرلائن ایک بار پھر اپنا نام پیدا کرے گی، مشیر نجکاری محمد علی نے کہا دستخط کی تقریب تاریخی حیثیت رکھتی ہے، کنسوریشم 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، 125 ارب روپے قومی ائیرلائن کی استعدادکار میں اضافے پر خرچ ہوں گے، 55 ارب روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے،تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے عارف حبیب کنسورشیم کے سربراہ عارف حبیب نے کہا خوشی ہے پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا گیا،ہم نے قومی کاز کےلئے خود کو پیش کیا، ملک میں کاروبار کےلئے ماحول سازگار ہے، میکرو اکنامک استحکام کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔