لاہور(کامرس رپورٹر) سالانہ رپورٹ اور آڈٹ شدہ مالیاتی دستاویزات جمع نہ کروانے پر ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیموں کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔ یہ نوٹس ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈی جی ٹی او) کی جانب سے جاری کئے گئے، جو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے توسط سے تمام متعلقہ اداروں تک پہنچائے گئے ہیں۔ڈی جی ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق تمام لائسنس یافتہ چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2025 تک اپنے آڈٹ شدہ سالانہ مالیاتی اسٹیٹمنٹس، سالانہ رپورٹ، آئندہ سال کے منصوبہ جات اور ممبران کی مکمل و تصدیق شدہ فہرست لازمی طور پر جمع کروائیں۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تمام دستاویزات تجارتی تنظیموں کے قواعد 2013 کے تحت جمع کروانا قانونی تقاضا ہے۔ڈی جی ٹی او نے خبردار کیا ہے کہ جو تنظیمیں 12 جنوری تک مطلوبہ دستاویزات جمع کروانے میں ناکام رہیں گی، ان کے لائسنس منسوخ کر دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ قواعد کے مطابق ایسے چیمبرز اور کاروباری تنظیموں پر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے جو مقررہ وقت میں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ تجارتی تنظیموں کے قواعد 2013 کے تحت اگر کسی تنظیم کی جانب سے سنگین غفلت یا مسلسل عدم تعمیل سامنے آئی تو ذمہ دار عہدیداروں کو تین سال کیلئے کسی بھی تجارتی تنظیم میں عہدہ رکھنے کیلئے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔ ڈی جی ٹی او کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چیمبرز اور تجارتی تنظیموں میں شفافیت، مالی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی گورننس کو بہتر بنانا ہے۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی تمام متعلقہ تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر فوری عملدرآمد کریں اور مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل اپنی تمام قانونی اور مالی دستاویزات مکمل کر کے جمع کروائیں تاکہ کسی قسم کی کارروائی سے بچا جا سکے۔ ڈی جی ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق قواعد پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور کسی بھی تنظیم کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے
ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیموں کو شوکاز نوٹس



















