لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں اور لینڈ سب ڈویژن کیخلاف فیصلہ کن کارروائی شروع کردی گئی۔ فیروز پور روڈ کے اطرف میں قائم سات غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیم کے انفراسٹرکچر اور تعمیراتی ڈھانچے زمین بوس، جبکہ غیر قانونی لینڈ سب ڈویژن کو مکمل طور پر مسمار کر کے سوسائٹی آفسز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں تیزی سے پھیلتی غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور اور منظم گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ شہریوں کے مفادات پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں ہو گی، یہ کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں جبکہ چیف میٹروپولیٹن پلاننگ نے پورے آپریشن کی خود نگرانی کر کے موثر قیادت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، انکی مربوط حکمت عملی اور قانون پر سختی سے عملدرآمد کے باعث فیروز پور روڈ کے اطراف قائم سات غیرقانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی جہاں بغیر منظوری پلاٹنگ، تشہیر اور تعمیرات کے ذریعے شہریوں کو سبز باغ دکھا کر بھاری رقوم بٹوری جا رہی تھیں۔ ڈائریکٹر میٹروپولیٹن زون فور کی سربراہی میں ہونے والے اس آپریشن کے دوران غیرقانونی سب ڈویژن المدینہ مارکیٹ فیروز پور روڈ کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا جبکہ ریحان گارڈن فیز ٹو اور تھری، ریحان گارڈن ،گرینڈ ایونیو، سن سٹی، احمد گارڈن، الجنت ہومز اور گارڈینو کورٹس کے دفاتر، باﺅنڈری والز، مرکزی گیٹس، اندرونی سڑکیں اور دیگر تعمیر شدہ ڈھانچے بھاری مشینری کے ذریعے زمین بوس کر دئیے گئے۔ حکام کے مطابق ان سوسائٹی مالکان کو متعدد بار نوٹس جاری کئے گئے تھے اور انہیں قواعد کے مطابق نقشہ جات اور قانونی منظوری حاصل کرنے کے واضح مواقع فراہم کیے گئے مگر انہوں نے دانستہ طور پر قوانین کی خلاف ورزی جاری رکھی اور شہریوں کو گمراہ کرتے ہوئے غیرقانونی فروخت کا سلسلہ بند نہ کیا، چیف میٹروپولیٹن پلاننگ کی زیر نگرانی انفورسمنٹ اور متعلقہ شعبوں نے مربوط انداز میں کارروائی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ کوئی بھی غیرقانونی اسٹرکچر باقی نہ رہے، اس سخت اقدام سے نہ صرف شہریوں کے سرمایہ کا تحفظ ممکن بنایا گیا بلکہ یہ بھی ثابت ہوا کہ ایل ڈی اے شہر میں منظم، محفوظ اور قانونی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) اس حوالے سے چیف میٹروپولیٹن پلاننگ محمد فیصل نے واضح کیا ہے کہ غیرقانونی رہائشی سکیموں، غیرقانونی تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہری کسی بھی سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل ایل ڈی اے سے اس کی قانونی حیثیت ضرور تصدیق کریں تاکہ دھوکے اور مالی نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔
ایل ڈی اے کا کریک ڈاﺅن، 7غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیم کے انفراسٹرکچر اور تعمیراتی ڈھانچے زمین بوس



















