کمشنر ساہیوال کی زیرنگرانی انتظامیہ عوام کو سستے داموں اشیاءکی فراہمی کیلئے کوشاں

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر نگرانی تینوں اضلاع کی انتظامیہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران عوام کو اشیاءصرف میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں جس میں مستحق افراد میں نگہبان رمضان کارڈز کی تقسیم، سہولت بازاروں اور رمضان نگہبان دسترخوان کا انعقاد شامل ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ساہیوال انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں2لاکھ75ہزار 901اہل افراد میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک ایک لاکھ72ہزار46کارڈ موصول ہوئے ہیں جن میں سے ایک لاکھ51ہزار 29کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نگہبان کارڈ تقسیم کے عمل کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں چھ نگہبان رمضان بازار بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں شہریوں کو اعلیٰ کوالٹی کی اشیاءضروریہ اوپن مارکیٹ سے10سے20فیصد کم ریٹ پر فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چینی اور آٹے کی سبسیڈائزڈ ریٹ پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے سپیشل کا¶نٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع ساہیوال اور پاکپتن میں 8,8جبکہ ضلع اوکاڑہ میں6 رمضان نگہبان دسترخواں بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں پہلے چار دنوں میں 6535افراد نے روزہ افطار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے بھی ڈویژن بھر میں کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک3339انسپکشنز کی گئیں جس دوران خلاف ورزی کرنے پر 4 لاکھ 96 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، ایک ایف آئی آر درج کروائی گئی، 6دوکانوں کو سیل کرکے11افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع ساہیوال کے15، ضلع اوکاڑہ کے23جبکہ ضلع پاکپتن کے11مختلف پوائنٹس پر چراغاں بھی کیا گیا ہے۔