کے پی حکومت کے بانی اہم، رمضان پیکیج انکی ترجیح نہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور (مشرق نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کے پی حکومت ابھی تک رمضان پیکیج کی تقسیم کا اعلان تک نہیں کرسکی، اس کیلئے بانی کی آنکھ، دانت اور جیل میں آسائشیں اہم ہیں۔

ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، ہر مستحق کو میرٹ کی بنیاد پر اسکی دہلیز پر امداد پہنچائی جارہی ہے۔

انہوں نے کے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت ابھی تک رمضان پیکیج کی تقسیم کا اعلان تک نہیں کرسکی، کے پی حکومت کیلئے بانی کی آنکھ، دانت اور جیل میں آسائشیں اہم ہیں۔

گزشتہ سال بھی کے پی حکومت کا رمضان پیکیج پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرستوں پردیا گیا لیکن پنجاب میں باقاعدہ سروے کے تحت 42 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ مل رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ اسی کے تحت مسیحی برادری کو بھی امدادی رقم الگ سے مل رہی ہے ، پنجاب واحد صوبہ ہے جس میں 74 سہولت بازار فنکشنل ہو چکے ہیں، مریم کے دسترخوان سے روزانہ ہر تحصیل میں2 ہزار روزہ داروں کو افطاری کروائی جا رہی ہے۔