کراچی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)زرمبادلہ ذخائر میں 1.04 کروڑ ڈالر کمی،شرح خواندگی بڑھ گئی۔
سٹیٹ بینک اعلامیے کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 26 دسمبر تک 21.01 ارب ڈالر رہے،سٹیٹ بینک کے ذخائر 1.26 کروڑ ڈالر اضافے سے 15.91 ارب ڈالر جبکہ بینکوں کے ذخائر 2.30 کروڑ ڈالر کم ہوکر 5.09 ارب ڈالر رہے۔
دوسری جانب ہاوس ہولڈ اکنامک سروے کے مطابق ملک میں شرح خواندگی بڑھ کر 63 فیصد تک پہنچ گئی،ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ 5 برسوں میں شرح خواندگی میں محض 3 فیصد کا اضافہ ہو سکا، پنجاب میں شرح خواندگی 68 فیصد اور بلوچستان میں سب سے کم 49 فیصد رہی۔
سروے رپورٹ کے مطابق سکول سے باہر بچوں کی شرح میں کمی کیساتھ شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 28 فیصد رہ گئی، انٹرنیٹ تک رسائی میں اضافہ ہو کر شرح 34 فیصد سے بڑھ کر 70 فیصد تک پہنچ گئی، انٹرنیٹ استعمال کرنےوالے افراد کا تناسب 17 فیصد سے بڑھ کر 57 فیصد ہو گیا، مکمل حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج 68 فیصد سے بڑھ کر 73 فیصد ہو گئی، گھروں میں موبائل یا سمارٹ فون کی سہولت 96 فیصد تک پہنچ گئی، نوزائیدہ بچوں میں اموات کی شرح کم ہو کر فی ہزار زندہ پیدائش پر 41 سے کم ہو کر 35 ہو گئی۔
شیر خوار بچوں کی اموات کی شرح 60 سے کم ہو کر 47 فی ہزار زندہ پیدائشیں ہو گئی،ملک میں فی کس 5.6 کلو گرام گندم، 0.89 کلو گرام چاول ماہانہ استعمال کیے جاتے ہیں، فی کس 6.12 لٹر دودھ، 3.4 انڈے، 1.17 کلو گرام آلو، 1.07 کلو گرام چینی استعمال ہوتی ہے،ادارہ شماریات کے مطابق شہری علاقوں میں فی کس چینی استعمال کرنے کی شرح دیہی علاقوں کی نسبت زیادہ ہے۔
زرمبادلہ ذخائر میں 1.04 کروڑ ڈالر کمی،شرح خواندگی بڑھ گئی



















