بنکاک (مشرق نیوز) تھائی لینڈ میں ہونے والی مس یونیورس 2025 کی ایک تقریب میں تضحیک آمیز رویے کے بعد چند حسینائیں واک آوٹ کرگئیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق منتظمین کی جانب سے مس میکسیکو کے ساتھ مبینہ طور پر غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا گیا۔
دوران تقریب تھائی لینڈ مس یونیورس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناوت اتسارگریسل نے مس میکسیکو فاطمہ بوش سے سوال کیا کہ انہوں نے ایک تشہیری شوٹ میں حصہ کیوں نہیں لیا؟ اس موقع پر انہوں نے فاطمہ بوش کو انگریزی میں’Dumb‘ یعنی احمق کہا جس کے بعد تقریب کا ماحول بگڑنے لگا۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کئی دیگر حسیناوں نے اسے ذلت آمیز قرار دیا اور احتجاجاً تقریب چھوڑ کر چلی گئیں۔ مقابلے میں شامل وکٹوریا تھیلویگ نے کہا کہ مس میکسیکو کے ساتھ جو سلوک کیا گیا، وہ کسی بھی عالمی مقابلے کے معیار کے خلاف ہے۔
اسکے علاوہ فاطمہ بوش نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وہ ’بیلوں کی طرح خاموش نہیں رہیں گی‘ اور خواتین کی عزت و وقار کیلئے آواز بلند کرتی رہیں گی، ہماری آواز کوئی نہیں دبا سکتا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بھی مس میکسیکو کے حق میں آواز اٹھائی اور تھائی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے روئیے پر شدید تنقید کی جب کہ کئی صارفین نے مطالبہ کیا کہ انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔
واقعہ کے بعد مس یونیورس آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم تمام شرکا کے ساتھ باعزت سلوک پر یقین رکھتے ہیں، کسی کے ساتھ بھی غیر مناسب رویہ اختیار نہیں کیا جاسکتا۔ تنظیم کی جانب سے مزید کہا گیا کہ تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاوکیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
مس میکسیکو کیساتھ تضحیک آمیز رویہ، حسینائیں مقابلہ چھوڑ کر چلی گئیں



















