افغانستان میں بروقت کارروائی معصوم جانوں کا بدلہ ہے: طارق فضل چودھری

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ فضائیہ کی افغانستان میں بروقت اور موثر کارروائی معصوم جانوں کا بدلہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کامیابی سے نشانہ بنایا، پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال ب±ننے والوں کو ایک بار پھر واضح پیغام مل چکا ہے، یہ سرزمین کمزور نہیں، یہ شہداءکے لہو سے مضبوط ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھارتی سرپرستی میں پلنے والے فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی دراصل ان معصوم جانوں کا بدلہ ہے جو دہشت گردی کی آگ میں جھونک دی گئیں، یہ صرف ایک آپریشن نہیں تھا، یہ ہر اس ماں کے آنسووں کا جواب تھا جس نے اپنے بیٹے کو وطن پر قربان کیا، یہ ہر اس بچے کے خوابوں کا دفاع تھا جو ایک محفوظ پاکستان چاہتا ہے

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کریگا وہ یاد رکھے ہم امن کے خواہاں ضرور ہیں، مگر اپنی سرزمین، اپنے عوام اور اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے، ملک پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، ریاست پر اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو مٹا دیا جائیگا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ وطن ہماری پہچان ہے، ہماری غیرت ہے، ہمارا ایمان ہے، پاکستان پہلے بھی تھا، پاکستان آج بھی ہے، اور پاکستان ہمیشہ رہے گا۔