لاہور (قمر عباس نقوی/ تصاویر: واحد شہزاد) واسا لاہور انتظامیہ شہریوں کو نکاسی آب کی سہولیات کو یقینی بنانے کی خاطر سالانہ 15 ملین اخراجات سے 7 پرائمری ڈرینز سمیت 8.1 ملین آبادی کیلئے 5302 کلومیٹر سیور لائن کی ڈسیلٹنگ بھی یومیہ کی بنیاد پر جاری، مون سون سے قبل صفائی مکمل کرنے کا ہدف۔ واسا لاہور انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو نکاسی اور فراہمی آب کی سہولیات کو یقینی بنانے کی خاطر شہر بھر میں 5302کلومیٹر سیور لائن اور 7 پرائمری ڈرین جو کہ 55.70 کلومیٹر پر محیط ڈرینج سسٹم کی صفائی یومیہ کی بنیاد پر کی جارہی ہے جس میں تمام آپریشن زون انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ ڈرین سیور سسٹم کی صفائی پر سٹاف دن رات کام کر رہا ہے اسکے علاوہ نکاسی نظام کو بحال رکھنے کی خاطر شہر بھر میں 14مرکزی ڈسپوزل سٹیشن اور 112کے قریب لفٹ سٹیشن مختلف مقامات پر قائم ہیں جبکہ شہر میں مختلف علاقہ جات میں پرائمری ڈرینز بھی بارشی پانی کے نکاس میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جن کی صفائی یومیہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ ان ڈرین میں کینٹ ڈرین جو کہ 28.69کلو میٹر پر محیط ہے اور شہر کے جوڑے پل سے مال روڈ، جیل روڈ ، شمع فیروزپور روڈ سمن آباد ،ملتان روڈ گلشن راوی، سبزہ زار سے ہوتے ہوئے دریائے راوی تک ہے۔ ستوکتلہ ڈرین جو کہ 16.98کلو میٹر ہے جو کہ سبزی و فروٹ منڈی فروز پورروڈ سے پیکو روڈ ،ٹاﺅن شپ ،واپڈا ٹاﺅن ،طارق گارڈن سے گزرتے ہوئے ہڈیارہ ڈرین تک جارہی ہے لوئر چھوٹا راوی ڈرین 5.12کلو میٹر ہے جو باغ منشی لدھا سے شروع ہوکر کریم پارک پارک بند روڈ ،رنگ روڈ سے دریا راوی سگیاں تک ہے اپر چھوٹا راوی ڈرین 4.98کلو میٹر ہے جو کہ بھوگیوال سے لفٹ سٹیشن سے چائنہ سکیم سے ہو کر شادباغ ڈسپوزل سٹیشن تک ہے۔ شالیمار سکیپ چینل ڈرین 13.44کلو میٹر جس کی ابتدا لال پل مغلپورہ ،جی ٹی روڈ واپڈا کالونی ، محمود بوٹی سے راوی تک اسی طرح چھٹی ڈرین شاہدرہ ڈرین 7.1کلو میٹر نیشنل بینک شاہدرہ سے شروع ہو کر شاہدرہ موڑ جیا موسی ،فرخ آباد ڈسپوزل سٹیشن سے راوی میں سیوریج کا پانی ڈالا جا رہا ہے چررڈرین 18.3کلو میٹر جو کہ برقی روڈ سے سوئی گیس سوسائٹی سے ہڈیارا گجو متہ تک ہے۔ ان ڈرینز کی مد د سے پانی کے نکاس میں مدد حاصل کی جاتی ہے اور 14بڑے ڈسپوزل سٹیشن اور 112لفٹ سٹیشن سیوریج کے نظام کو بحال رکھنے میں اہم کرادار ادا کرتے ہیں۔ نکاسی آب سسٹم بحالی پر سالانہ 15ملین فنڈز مختص کیا گیا ہے۔ واسا حکام کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ڈرینز اور سیور سسٹم کے تمام وسائل کو فعال اور صفائی انتظامات یومیہ کی بنیاد پر جاری ہیں جو کہ مون سون سے قبل مکمل کر لئے جائیں گے۔
واسا شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگرم



















