رائیونڈ کا شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے،بلاول بھٹو زرداری

میرپور: (مشرق نیوز) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے رائیونڈ کا شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، گلگت بلتستان کو سنوارنے کا کہنے والے پہلے قصور کو تو لاہور بنالیں،خواجہ آصف معافی مانگیں یا عہدہ چھوڑیں،متنازع بیان کی مذمت نہ کرنے سے لگتا نواز ،مریم اپنے وزیر کےساتھ کھڑے ہیں۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا آزاد کشمیر کا مستقبل الیکشن سے جڑا ،عوام دو تہائی اکثریت دیں تو آئینی ترمیم لائیں گے،میرپور آ کر ایسا لگتا جیسے اپنے دوسرے گھر آیا ہوں، پیپلز پارٹی کا میرپور کے عوام سے 3نسلوں پر محیط رشتہ ہے، اپنے بزرگوں کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے اور امید ہے جیالے منتخب ہو کر عوام کی خدمت کریں گے،بھٹو شہید نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا ،صدر آصف زرداری نے صوبوں کو حقوق دے کر تاریخ رقم کردی۔

چیئرمین پی پی نے کہاگلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت دلانے کےلئے پرعزم ،آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کےلئے بھی جدوجہد جاری رکھیں گے، کشمیر کا فیصلہ سندھ یا پنجاب نہیں ،کشمیری عوام خود کریں گے،آزاد کشمیر کی این ایف سی میں نمائندگی یقینی بنانے کی کوشش کریں گے،عوام کی آواز فیصلہ ساز اداروں میں ہونی چاہیے،موجودہ صورتحال کے حل کےلئے وفاقی حکومت اور احتجاج کرنے والوں کے درمیان کمیشن قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ حقائق سامنے آئیں اور ذمہ داروں کا تعین ہو سکے۔

بلاول بھٹو نے کہااحتجاج کرنے والے ناراض ہیں تو سزا آزاد کشمیر کے عوام کو نہ دی جائے، مظاہرین پرامن احتجاج کریں،پورے کشمیر کو سزا دینا پرانا طریقہ کار ہے ، میرپور سمیت دیگر علاقوں کا کوئی قصور نہیں،صدر آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر پوچھیں انٹرنیٹ بند ہونے کی صورت میں شفاف انتخابات کیسے ممکن ہوں گے،وزیر دفاع متنازع بیان پر معافی مانگیں یا عہدہ چھوڑ دیں بصورت دیگر ن لیگ کی پالیسی تصور کی جائےگی۔