وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ’قراقرم ون‘ کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ’قراقرم ون‘ کا افتتاح کر دیا۔ وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کے سب سے بڑے سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ’قراقرم ون‘ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی اور جدید ترین ڈیٹا سینٹر کا باضابطہ افتتاح کیا۔

تقریب کے دوران دونوں رہنماوں کو منصوبے کی مختلف تکنیکی خصوصیات اور استعداد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ حکام کے مطابق قراقرم ون ڈیٹا سینٹر کلاوڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کے لیے ایک مضبوط انفراسٹرکچر فراہم کرے گا۔

یہ منصوبہ مصنوعی ذہانت ، مشین لرننگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جب کہ حساس قومی اور تجارتی معلومات کو محفوظ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید ترین ڈیٹا سینٹر انتہائی متاثرکن اور قابلِ تحسین منصوبہ ہے، جسے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ انکا کہنا تھا کہ سکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں اور مسلسل محنت ہی ایسے عظیم منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیتی ہے۔

شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت اور منصوبے کے شراکت دار زیڈ ٹی ای کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات اور چیلنجز کا امید اور حوصلے سے مقابلہ کیا جائے تو ’معرکہ حق‘ جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے قوم کو سکائی 47 جیسا قیمتی تحفہ دینے پر تمام سٹیک ہولڈرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔