اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے نظام میں شفافیت اور مسابقت آئیگی جبکہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی ختم ہو گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حکومتی اقدام کا بنیادی مقصد سارے نظام میں شفافیت لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ روزانہ مقرر ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ہوتا یہ تھا کہ ہفتے کے بعد قیمت میں تبدیلی اکٹھی آجاتی تھی اس وجہ سے عوام کو پیٹرول دینا بند کر دیا جاتا تھا اور ناجائز منافع خوری ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حکومتی نظام سے قیمت میں کمی یا بیشی فوری طور پر عوام کو منتقل ہوجائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف میٹنگز کے دوران سب نے اس نظام کا خیر مقدم کیا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ جس بھی شعبے میں حکومت نے اپنا پھیلاو محدود کیا اس میں مسابقت لیکر آئی، ہماری پیٹرولیم انڈسٹری کے بڑے پلیئرز کیساتھ بیٹھک ہوئی ہے، وہ سب حکومتی پالیسی سے اتفاق کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ اس حکومتی نظام میں ان ہی کا فائدہ ہے، معاملے کا مستقل انتظام کیا جا رہا ہے اور میں خود پیٹرولیم انڈسٹری والوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کرونگا جو تحفظات ہونگے انکو ایڈریس کیا جائےگا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ ایک بار میٹنگ ہونے کے بعد پیٹرول پمپ مالکان کے تحفظات نہیں رہیں گے، کسی بھی شعبے میں مسابقت لائیں تو پھر لاگت کم ہو جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اوگرا ریگولیٹر ہے اور اب وہ پرائسزطے کیا کریگا، شفافیت اور مسابقت لانے سے لوگوں کو فائدہ ہی ہو گا نقصان نہیں ہو گا۔
آبنائے ہرمز پر انحصار ختم کرنے کیلئے مقامی سطح پر تیل کی تلاش شروع



















