قیدیوں کا فرار، راولپنڈی پولیس کے 5 افسر و اہلکار گرفتار، مقدمہ درج

راولپنڈی (مشرق نیوز) راولپنڈی کے تھانہ سہالہ کے علاقے میں قیدی وین سے حوالاتیوں کے فرار کے معاملے پر سہالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قیدی وین پر تعینات راولپنڈی پولیس کے پانچ افسران و اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں وین کے انچارج سب انسپکٹر امتیاز اور چار اہلکار شامل ہیں جن میں ہیڈ کانسٹیبل یاسر، کانسٹیبل محرم، عذیر اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں فرار ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار کیے گئے چار حوالاتیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ فرائض میں غفلت، کار سرکار میں مزاحمت اور فرار ہونے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس آفیسر نے بھی مقدمے کی تصدیق کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کے پانچ اہلکاروں اور چار حوالاتیوں سمیت فرار ہونے والے مجموعی طور پر دس ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، فرار ہونے والے اسیران کے گھروں پر رات گئے چھاپے بھی مارے گئے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، ملزمان کو آج اسلام آباد کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔