اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے عوام کو ایندھن کی بلاتعطل فراہمی ، منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنانا ترجیح ، ایف بی آر کے جدید ٹریکنگ نظام کو ماڈل بنا کر ملک میں ایندھن کی آمدورفت کی کڑی نگرانی کا نظام وضع ،جدید ٹیکنالوجی و سافٹ وئیر سے بندرگاہوں و ریفائنریوں سے پٹرول پمپس تک سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی ،اوگرا کی استعداد اضافے کیلئے نجی شعبے سے اچھی شہرت کے ماہرین تعینات کیے جائیں۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہااوگرا کی تنظیم نو کرکے ہر شعبے و منصب کیلئے ماہرین کی میرٹ پر شفاف طریقہ کار سے تعیناتی کی جائے،تمام ریگولیٹری اداروں کا اپنے متعلقہ وزارتوں سے باضابطہ رابطہ قائم کرنے کیلئے ضروری اقدامات لئے جائیں،حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا تمام اداروں میں یکساں طور پر نفاذ یقینی بنایا جائے، اوگرا کی اصلاحات و تنظیم نو کیلئے حکومت ہر قسم کی پیشہ ورانہ مہارت فراہم ،عوام کی ایک ایک پائی کا تحفظ کرے گی، کسی کو عوامی استحصال ، سسٹم میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے،منظور شدہ پالیسی کے تحت ملک میں قائم آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈ یشن پر کام تیز کیا جائے۔
دریں اثناشہباز شریف سے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،وزیراعظم نے عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری ، سماجی و معاشی ترقی میں ادارے کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا معیشت کو مستحکم ،پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے اصلاحات کے ایجنڈے پر بھرپور عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہےں،پاکستان کا آئینی وفاقی ڈھانچہ، صوبائی خودمختاری ،وفاق اور صوبوں کے درمیان باہمی تعاون و مشاورت ملکی ترقی و استحکام کےلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
ورلڈ بینک کے وفد نے اپنی رپورٹ کے اہم نکات پیش کرتے ہوئے 18ویںترمیم اور ساتویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے بعد مالیاتی وفاقیت کے ارتقا ، محصولات، اخراجات، وفاقی و صوبائی مالیاتی تعلقات، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی وسائل کے استعمال سے پر اپنے تجزئیے ،مشاہدات سے آگاہ کیا،پالیسی سفارشات بھی پیش کیں ،مقصد، مالیاتی نظم و ضبط، وسائل کے موثر استعمال، خدمات کی فراہمی میں بہتری اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان موثر تعاون کو فروغ دینا ہے۔
شہبازشریف نے کہاعالمی بینک کی جانب سے پیش کیا گیا تجزیہ ، بین الاقوامی تجربات کی روشنی میں تقابلی جائزہ لائق تحسین ہے، امطالعات پالیسی سازی کے عمل میں مفید رہنمائی فراہم کرنے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں،رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کےلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے الوداعی ملاقات کی، شہباز شریف نے پاک آذربائیجان برادرانہ تعلقات کے فروغ میں سفیر کی خدمات کو سراہا،سیاسی، تجارتی، دفاعی و ثقافتی تعاون کے فروغ پر سفیر کی کاوشیں قابل تحسین قرار دیں اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز میں سفیر کے کردار کی تعریف کی،صدر الہام علییف کیلئے نیک تمناوں ،دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا،آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کےساتھ سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
عوام کو ایندھن کی بلاتعطل فراہمی ترجیح ،عوام کی پائی پائی کا تحفظ کرینگے،وزیراعظم


















