اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (مشرق نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا اور پاکستان و ایران کے درمیان قریبی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن اور استحکام کیلئے تمام فریقوں کے درمیان مکالمے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

وزارت ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد ایم او یو کے تحت طے پانے والی مفاہمت پر موثر عملدرآمد اور تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔