گلگت میں نواز شریف کی آمد نے سیاسی فضا بدل دی، شیر کی کامیابی یقینی ہے،عظمیٰ بخاری


لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات پر عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں،نواز شریف کی گلگت بلتستان آمد نے سیاسی منظر نامے کو یکسر تبدیل کر دیا،قائد ن لیگ کو ملنے والی محبت، عزت اور والہانہ استقبال عوامی جذبات کا واضح اظہار ہے،گلگت بلتستان کے عوام کے دل نواز شریف کےساتھ دھڑکتے اور ن لیگ کو ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کی علامت سمجھتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہاگلگت کے عوام بخوبی جانتے علاقے میں حقیقی ترقیاتی منصوبے ،عوامی فلاح کے اقدامات مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہی مکمل ہوئے،دیگر سیاسی جماعتوں نے عوامی امیدوں ،جذبات کو پورا کرنے کی بجائے مایوس کیا،ن لیگ کے امیدوار بھرپور انداز میں اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ،عوام کی وسیع حمایت حاصل ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا عوام کا رجحان واضح طور پر شیر کے انتخابی نشان کی جانب کیونکہ لوگ ترقی، استحکام اور بہتر مستقبل کےلئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں،ہر طرف شیر کی کامیابی کی گونج سنائی دے گی۔