لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب میں میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاوسز اور بڑے فوڈ چین کی مانیٹرنگ کیلئے کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوڈ چین،میرج ہالز، فارم ہاوسز میں ہر ٹرانزیکشن کا اندراج ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق منعقدہ خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے اور تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں جعلی رسیدیں دینے اور سیل چھپانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بڑے ریسٹورنٹس میں کیش وصولی کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم انسٹال کرنے پر غورکیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر دنیا کیش سے ڈیجیٹل پر جا سکتی ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ ٹیکس چوری پر نو ٹالرنس،کیمرے کی آنکھ بھی دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم بھی پکڑے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کیلئے 528ارب50کروڑ روپے کا ریونیو ہدف مقررکیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کیش اکانومی سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقلی کا حکم دیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو کلیکشن میں 38 فیصد اضافہ،وصولی 250 سے 346 ارب تک پہنچ گئی۔ پی آر اے کا دائرہ کار 10 سے بڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا۔ پی آر اے میں انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ونگ،ٹیکس پیئر آڈٹ اور لیگل ونگ کا قیام عمل میں لایاجاچکا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی آر اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اورشاباش بھی دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پی آر اے میں انفورسمنٹ اور ہیومن ریسورس میں اضافے اور جدیدٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام میں ٹیکس ادائیگی کا شعور و آگاہی بڑھانے کیلئے پی آر اے کے میڈیا ونگ کو مزید موثر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی آر اے جہاں کارروائی کرے،جامع انداز میں کارروائی کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومت کا نہیں، ہر گھر، ہر کمیونٹی اور ہر محلے کی مشترکہ ذمہ داری ، والدین پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات پر محکمہ صحت، عالمی پارٹنرز اور پولیو ٹیم کو خصوصی شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 19 اضلاع پولیو وائرس سے پاک،عالمی ادارہ صحت نے تصدیق کردی جہاں کے پولیو وائرس کے نمونے منفی آئے ہیں۔ انہوں نے کہا ڈبلیو ایچ او اور عالمی پارٹنرز کے تعاون کو بھی سراہتے ہیں، ہر یونین کونسل میں موجود پولیو ورکرز،والنٹیرز، سپروائزرز اور مانیٹرز اس کامیابی کے حقیقی ہیرو ہیں ۔
ٹیکس چوری پر نو ٹالرنس،سیل چھپانے والوں کےخلاف سخت کارروائی ہوگی، مریم نواز



















