پولیو سے متاثرہ ڈاکٹر شگفتہ خانم نے پی ایچ ڈی کا معرکہ سر کرلیا

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ہونہار سکالر ڈاکٹر شگفتہ خانم نے تمام تر جسمانی و سماجی چیلنجز کے باوجود پی ایچ ڈی کی ڈگری کامیابی سے مکمل کر لی۔ ڈاکٹر شگفتہ خانم پولیو سے متاثرہ اور وہیل چیئر استعمال کرنے والی باہمت خاتون ہیں۔ وہ نہ صرف پی ایچ ڈی سکالر ہیں بلکہ محکمہ خصوصی تعلیم، حکومت پنجاب میں گریڈ 18 کی سینئر سپیشل ایجوکیٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ انہیں خصوصی تعلیم کے شعبے میں 16 سال کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہیں یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کی پہلی سائن لینگویج قرآن ٹیوٹر ہیں جو سماعت سے محروم بچوں کو ناظرہ قرآن کی تعلیم دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ”وائس سوسائٹی فار دی ری ہیبلیٹیشن“کی نائب صدر اور ایک فعال سماجی کارکن بھی ہیں۔ ڈاکٹر شگفتہ خانم کی اس کامیابی میں ان کی نگراں استاد، ڈاکٹر حنا نور کا کلیدی کردار رہا۔ ڈاکٹر حنا نور گزشتہ 25 سال سے شعبہ خصوصی تعلیم کی خدمت کر رہی ہیں اور طلبہ کی علمی و تحقیقی رہنمائی میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر شگفتہ خانم نے کہا کہ معذوری کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی اگر استاد کا سہارا اور اپنا عزم مضبوط ہو۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے ان کی اس کامیابی کو خصوصی افراد کیلئے امید کی کرن اور شعبہ خصوصی تعلیم کیلئے سنگ میل قرار دیا ہے۔