لاہور (مشرق نیوز) فائرنگ کے واقعہ میں تحریک انصاف کے رہنما عبداللہ طارق کو قتل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے عبداللہ طارق پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول عبداللہ طاہر ریت کی ٹھیکیداری کا کام کرتا تھا اور گلبرگ میں یہ فزیو تھراپی کیلئے آیا تھا۔
پولیس نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں نے کلینک کے اندر آکر فائرنگ کر کے قتل کیا، مقتول کا چند ماہ پہلے اوکاڑہ میں لڑائی جھگڑ ا بھی ہوا تھا۔ پولیس نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے، مقتول تحریک انصاف کی ٹکٹ پر اوکاڑہ سے ایم پی اے کا امیدوار بھی رہا ہے۔ واقعہ کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔
فیصل کامران نے بتایا کہ دو موٹر سائیکل سوار آئے جنہوں نے چار گولیاں چلائیں، مقتول کا تعلق اوکاڑہ سے ہے، وہاں ان کی پرانی دشمنی ہے سات ماہ قبل بھی ان پر اوکاڑہ میں حملہ ہوا تھا، سی سی ٹی سی فوٹیج کے ذریعے قاتلوں کی نشاندہی ہوگئی ہے۔
فیصل کامران کے مطابق عبد اللہ طارق روٹین میڈیکل چیک کےلئے آئے تھے، ڈاکٹر کو بھی بازو میں گولی لگی ہے جن کا علاج جاری ہے، فائرنگ کی زد میں آکر مقتول کا ڈاکٹر بھی زخمی ہوا، ڈاکٹر کے بازو میں گولی لگی ، حالت خطرے سے باہر ہے، مقتول عبداللہ طاہر ریت کا کاروبار کرتے تھے۔
فیصل کامران نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے شوٹرز کی کلوزسرکٹ فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں، چند ماہ قبل اوکاڑہ میں بھی عبداللہ طاہر پر قاتلانہ حملہ ہوا، دیرینہ دشمنی سمیت تمام پہلووں پر تفتیش جاری ہے۔
نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ ، پی ٹی آئی رہنما عبد اللہ طارق قتل



















