اوورسیز سکالرز ملکی ترقی میں کردار ادا کریں،شہبازشریف

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم سے اڑان اوورسیز پاکستان سمر سکالرز پروگرام کے تحت انٹرن شپ کرنےوالے سکالرز کی ملاقات،شہباز شریف نے نوجوانوں کے کردار کو ملکی ترقی کےلئے اہم قرار دیتے ہوئے سکالرز کو حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ اور سوالات کے جوابات دیئے۔

شہبازشریف نے کہاقومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ، پاکستانی طلبہ و طالبات دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں،ماضی میں ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا تو ہنگامی معاشی اصلاحات کے ذریعے استحکام حاصل کیا گیا،جامع اصلاحات میں ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن، محاصل میں اضافہ، کاروبار میں آسانی، پیداواری صلاحیت میں بہتری، زرعی شعبے کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا، قابل تجدید توانائی کا فروغ اور پائیدار معاشی ترقی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہاموثر انفورسمنٹ اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے 800 ارب سے زائد اضافی محصولات جمع کئے ،معاشی اصلاحات کا مقصد مضبوط، خود کفیل اور برآمدات پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنا ہے،سکالرز اپنی تعلیم، تحقیق ، عالمی تجربے کو ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے بروئے کار لائیں۔

دریں اثنا اجلاس کی صد ارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کاروبار میں آسانی کیلئے حکومتی پالیسی اقدامات اور آسان کاروبار ایکٹ 2025 کے نفاذ میں تیزی،بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانا ترجیحات میں شامل ہے۔