کنساس (مشرق نیوز) ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے شاندار ہیٹ ٹرک کے ساتھ اپنی ٹیم کو الجزائر کے خلاف یادگار فتح دلائی اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں الجزائر کو شکست دیکر اپنے ٹائٹل کے دفاع کا بہترین آغاز کیا۔
اپنے بین الاقوامی کیریئر کے 200ویں میچ میں میدان میں اترنے والے میسی نے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ ہیٹ ٹرک سکور کی۔ اس کارنامے کے ساتھ ان کے ورلڈ کپ گولوں کی تعداد 16 ہو گئی جس کے بعد وہ جرمنی کے سابق سٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ہم پلہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کے مشترکہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
میسی نے 17ویں منٹ میں خوبصورت گول کے ذریعے ارجنٹائن کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں الجزائر کے گول کیپر لوکا زیدان کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے اپنا دوسرا گول کیا، جبکہ 76ویں منٹ میں زوردار شاٹ کے ذریعے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ 38 سالہ میسی نے اس مقابلے میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹ بالر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ وہ 2006، 2010، 2014، 2018 اور 2022 کے ورلڈکپ میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔
فیفا ورلڈکپ، لیونل میسی نے ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا



















