وفاقی آئینی، سپریم کورٹ ، چاروں ہائیکورٹس میں جشن آزادی تقاریب

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) وفاقی آئینی، سپریم کورٹ ، چاروں ہائیکورٹس میں جشن آزادی تقاریب،پرچم کشائی ،ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے دعا ئیں مانگی گئیں۔

چیف جسٹس آئینی عدالت امین الدین نے کہا پاکستان بے پناہ قربانیوں کا ثمر ،آباﺅ اجداد کی قربانیوں کو آنےوالی نسلوں تک منتقل کرنا ، پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل ،موثر نظام موجود ہے۔

سپریم کورٹ میں ہونےوالی پروقار تقریب میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے قومی پرچم لہرایا، سپریم کورٹ ملازمین کے بچوں سے ملاقات کی ،تحائف تقسیم کیے،چیف جسٹس نے کہا آزادی آئینی اقدار کی پاسداری ،بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری بھی ساتھ لاتی ہے، ریاستی اداروں پر شہریوں کا اعتماد مضبوط بنانا ذمہ داری ہے،معاشرے کے کمزور ،محروم طبقات کےلئے انصاف قابل رسائی، بروقت و بامعنی ہونا چاہئے، قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کےلئے اداروں پر عوامی اعتماد مضبوط بنانا ضروری ہے، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کرنا ہوگی،پرامن، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر سب کی ذمہ داری ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ کی تاریخی عمارت پر پرچم لہرایا اور خطاب کرتے ہوئے کہاوطن سے محبت ایمان کا حصہ ،وطن کی سربلندی کےلئے دن رات محنت کرنا ہوگی،پنجاب کی عدلیہ بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی کےلئے کوشاں ہے، لاہور ہائیکورٹ نے 2025 میں تاریخی طور پر ایک لاکھ 73 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے۔

دیگر ہائیکورٹس،سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب ہوئیں، ججز و وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔