حکومت کھیلوں کے فروغ، صحتمند سرگرمیوں کیلئے اقدامات کررہی ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحتمند سرگرمیوں کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی اور انہیں بہتر مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یہ بات بین الاقوامی کھلاڑیوں، اولمپیئنز اور قومی کوچز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ساہیوال ڈویژن میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ اور اولمپیئن فائقہ ریاض، پاکستان کے تیز ترین مرد ایتھلیٹ اور قومی ریکارڈ ہولڈر گوہر شہباز، بین الاقوامی کھلاڑی پروفیسر فیاض سلیمی، سید عون رضا، سانول بٹ اور قومی کوچ افتخار شامل تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ساہیوال ڈویژن میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور ٹیلنٹ کو آگے لانے کیلئے ہر ممکن تعاون اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے میدان میں نئی صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائیگا۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے پاکستان کے معروف موٹیویشنل سپیکر، مصنف اور ٹرینر قاسم علی شاہ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران نوجوانوں کی کردار سازی، تعلیم کے فروغ، مثبت سوچ، قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی اور معاشرتی بہتری سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت، مثبت رہنمائی اور تعمیری سوچ کے فروغ میں موٹیویشنل سپیکرز اور ماہرینِ تعلیم کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں شعور، برداشت اور مثبت اقدار کے فروغ کیلئے سرکاری اداروں اور سماجی حلقوں کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔قاسم علی شاہ نے ساہیوال ڈویژن میں عوامی خدمت، انتظامی بہتری اور فلاح عامہ کے مختلف اقدامات کے حوالے سے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ م¶ثر قیادت اور عوام دوست طرزِ حکمرانی معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں باہمی تعاون اور نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت کیلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیرِصدارت ساہیوال میں ریونیو ریکوری اور زرعی زمینوں کے کمرشل یا ہا¶سنگ مقاصد کیلئے استعمال پر کنڈونیشن فیس کی وصولی کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرحبا نعمت سمیت ریونیو افسران نے شرکت کی جبکہ پاکپتن اور اوکاڑہ کے متعلقہ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کنڈونیشن فیس کی وصولی اور اس میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فیسوں کی وصولی میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی روک تھام کیلئے طریقہ کار کو مزید سخت اور شفاف بنایا جائے اور اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کی ٹریننگ کروائی جائے۔ کمشنر نے متعلقہ ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ جن ہا¶سنگ سوسائٹیز یا کمرشل تعمیرات نے ابھی تک فیسیں جمع نہیں کروائیں، ان سے فوری طور پر واجب الادا کنڈونیشن فیس وصولی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو سے متعلقہ زیر التوا کیسز کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔